حارث رؤف نے وہاب ریاض کے دورہ آسٹریلیا سے تاخیر سے دستبرداری کے دعوے کی تردید کردی
چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے آئندہ دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا جو گزشتہ ہفتے قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی پہلی اسائنمنٹ ہے۔ تاہم اس سکواڈ میں تیز گیند باز حارث رؤف شامل نہیں ہیں۔
وہاب ریاض نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ “ہم نے اس دورے کے بارے میں حارث رؤف سے دو دن پہلے بات کی تھی اور انہوں نے پاکستان کے لیے ٹیسٹ کھیلنے کی رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم، انہوں نے کل رات اپنا ارادہ بدل لیا اور وہ آسٹریلیا کی اس ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں بننا چاہتے تھے”۔
انہوں نے کہا کہ “حارث رئوف فٹنس کے مسائل اور کام کے بوجھ سے پریشان تھا۔ ہم نے اسے یقین دہانی کرائی کہ ہم اسے سہولت فراہم کریں گے اور کسی بھی ممکنہ ناکامی کو قبول کریں گے۔ ہمارے فزیو نے کہا کہ انہیں چوٹ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ وہ تھکا ہوا ہے لیکن ہم اسے اچھی طرح سنبھال سکتے تھے۔ تاہم وہ اس دورے سے باہر ہو گئے اور وہ اس دورے کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
تاہم ویب سائٹ ’کرکٹ انفو‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق حارث رؤف کا وہاب ریاض کے ساتھ اپنے پیغامات کے تبادلے کے بارے میں ایک مختلف نقطہ نظر ہے۔
کھلاڑی کے قریبی ذرائع نے پبلیکیشن کو بتایا کہ حارث رؤف نے پہلے کبھی آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچوں میں شرکت کا عہد نہیں کیا۔ اس لیے آخری لمحات میں دورے سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے وہاب ریاض کو سمجھایا کہ وہ اس دورے سے قبل زیادہ ریڈ بال کرکٹ میں شامل نہیں تھے اور اپنی وائٹ بال کی مہارت اور مجموعی فٹنس کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے انہیں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں کھیلنے کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ہے۔
یہ غیر یقینی صورتحال چیف سلیکٹر اور حارث رؤف کے درمیان کشیدہ تعلقات سے پیدا ہوئی ہے۔ بگ بیش لیگ کے قریب آتے ہی کھلاڑی اور سلیکٹر کے درمیان تنازعہ ایک مبہم صورتحال پیدا کر دیتا ہے۔ میلبورن سٹارز کے لیے ایک مارکی کھلاڑی سمجھے جانے والے حارث رؤف کو لیگ میں شرکت کے لیے ضروری منظوری حاصل کرنے میں ممکنہ رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بی بی ایل کا آغاز 13 دسمبر کو ہونا ہے اور یہ ٹورنامنٹ 4 فروری تک چلے گا، جو آسٹریلیا میں ہونے والے تینوں ٹیسٹوں کے ساتھ اوور لیپ ہو گا، جس سے حارث رؤف کی دستیابی متاثر ہوتی اگر وہ پاکستان سکواڈ کا حصہ ہوتے۔