بابراعظم کو عہدے سے ہٹائے جانے کی تیاریاں، طویل عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ ہونے والے کھلاڑی کو نیا کپتان بنائے جانے کا امکان
طویل عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ ہونے والے کھلاڑی کو نیا کپتان بنائے جانے کا امکان، بابر اعظم کو عہدے سے ہٹانے کی تیاریاں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے رواں ہفتے ہی اہم فیصلے کر لیے جانے کا امکان۔ سابق کرکٹر باسط علی کے مطابق شان مسعود کو ٹیسٹ
ٹیم کا نیا کپتان بنائے جانے کا امکان ہے، جبکہ شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی ملنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بھارت میں کھیلے جا رہے کرکٹ ورلڈکپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑے ایکشن کی تیاریوں شروع کر دی ہیں۔ خاص کر ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی تبدیلی سے متعلق اہم فیصلے ہونے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا سے قبل کوچنگ کے لیے سابق آسٹریلوی کرکٹر جسٹن لینگر کا نام بھی سامنے آ رہا ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے کچھ اعلیٰ عہدیدار آسٹریلیا کا دورہ سر پر ہونے کی وجہ سے تبدیلیاں نہ کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں اس ہفتے اہم مشاورت کا آغاز ہو گا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سابق کپتانوں اور سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے۔جبکہ سابق کپتان محمد حفیظ سے ایک بار پھر بورڈ رابطہ کرنے کا خواہشمند ہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ سابق کپتان معین خان سے بھی مشاورت کی جائے گی اور شاہد آفریدی سے چیئرمین ذکا اشرف دوسری مرتبہ ملیں گے۔ اس ہونے والی ملاقات کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین کوچنگ سٹاف میں تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت کریں گے اور کوچنگ سٹاف کے معاہدوں پر قانونی مشاورت ہو گی جبکہ ریڈ اور وائٹ بال کے لیے الگ الگ کپتان بھی مشاورتی ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔