افغانستان کیخلاف میکس ویل کے لاٹھی چارج نے پاکستان کا بھی فائدہ کر دیا
افغانستان کیخلاف میکس ویل کے لاٹھی چارج نے پاکستان کا بھی فائدہ کر دیا، ممبئی میں افغان ٹیم کیخلاف آسٹریلیا کی تاریخی فتح نے سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے
کوشاں قومی کرکٹ ٹیم کیلئے صورتحال قدرے آسان کر دی۔
میکس ویل کی تاریخی اننگ کے باعث افغانستان کی
شکست نے افغان ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر آگے بڑھنے سے روک کر پاکستان کیلئے فائدہ کر دیا۔
آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد افغانستان کی ٹیم ناصرف پوائنٹس میں اضافہ کرنے سے قاصر رہی، ساتھ ساتھ اس کا نیٹ رن ریٹ بھی بہتر نہ ہو سکا۔ ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں جب ایک وقت پر آسٹریلیا 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھا تھا، تب یوں محسوس ہو رہا تھا کہ افغانستان بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہے گا۔
اگر افغانستان آسٹریلیا کیخلاف بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا تو اس صورت میں افغان ٹیم کا ناصرف نیٹ رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہو جاتا، بلکہ پاکستان کے 8 پوائنٹس کے مقابلے میں افغانستان کے پوائنٹس بھی زیادہ ہو کر 10 ہو جاتا۔
اب افغانستان کیلئے ورلڈکپ کے سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کیخلاف بڑے مارجن سے فتح حاصل کرے، جبکہ ساتھ ساتھ یہ امید بھی رکھے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان اپنے آخری گروپ میچز میں یا تو شکست سے دوچار ہوں، یا زیادہ مارجن سے فتح حاصل نہ کر سکیں۔