سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے میچ سے قبل ہی پاکستان کیلئے اچھی خبر آگئی
سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے میچ سے قبل ہی پاکستان کیلئے اچھی خبر، 9 نومبر کو بنگلورو میں شیڈول کیویز اور لنکن لائنز کے ورلڈکپ ٹاکرے کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے کوشاں پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے فائنل 4 تک رسائی کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات 9 نومبر کو بنگلورو میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا اہم میچ شیڈول ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس روز بنگلورو میں بارش کے امکانات تھے، جو اب مزید بڑھ گئے ہیں۔
نو نومبر کو بنگلورو میں بارش کے 74 فیصد تک امکانات ہیں۔ بارش ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ مل جائے گا، یہ صورتحال پاکستان کیلئے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہو گی کیونکہ اگر سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہو پاتا تو پھر پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے انگلینڈ کیخلاف کسی مخصوص مارجن کی فتح کی ضرورت نہیں ہو گی۔
پاکستان نے ہفتے کے روز بنگلورو میں نیوزی لینڈ کو ڈی ایس ایل میتھڈ کے تحت شکست دی اور آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل کی دوڑ میں زندہ رہا لیکن اس کا راستہ اتنا آسان نہیں ہے اور بہت سے عوامل اس میں شامل ہیں۔ بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کولکتہ میں لازمی جیتنے والے میچ میں کھیلے گی لیکن ممکنہ طور پر ان کی قسمت کا فیصلہ اس سے پہلے ہو جائے گا کیونکہ ان کا انحصار افغانستان کے میچز کے نتائج پر ہے اور نیوزی لینڈ اس وقت تک اپنے بقیہ میچ کھیل چکے ہوں گے۔