پاکستان کو اپنا نیٹ رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر کرنے کیلئے اگلے میچ میں کتنے مارجن سے فتح حاصل کرنا ہو گی؟
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ سے بدترین شکست کے بعد کیویز کا نیٹ رن ریٹ بری طرح گر گیا، تاہم نیٹ رن ریٹ اور پوائنٹس کے معاملے میں پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر اب بھی اپنی پوزیشن نیوزی لینڈ سے بہتر نہ بنا سکا۔
بتایا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے میچ کے بعد جنوبی افریقہ پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے، جبکہ نیوزی لینڈ 4 پوائنٹس ہونے کے باوجود نیٹ رن ریٹ میں بڑی گراوٹ کے باعث چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ جنوبی افریقہ سے بدترین شکست کے باعث نیوزی لینڈ کا نیٹ رن ریٹ 1 عشاریہ 2 سے کم ہو کر 0 عشاریہ 4 رہ گیا ہے، تاہم کیویز کا یہ نیٹ رن ریٹ پاکستان سے اب بھی بہتر ہے۔
بنگلہ دیش کو باآسانی شکست دینے کے باوجود پاکستان کا نیٹ رن ریٹ اب بھی منفی ہے۔ پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس اور منفی 0 عشاریہ 02 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو اپنا نیٹ رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر کرنے کیلئے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں یا تو 83 رنز کی فتح حاصل کرنا ہو گی، یا کیویز کی جانب سے دیا گیا ہدف 35 ویں اوور میں حاصل کرنا ہو گا، اسی صورت پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی پوزیشن بہتر ہو گی اور اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات میں بھی اضافہ ہو گا۔
پاکستان کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے سناریو کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں ۔ پاکستان نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ساتھ میچز کھیلے گا اور متعدد منظرناموں کو کھیل میں لانے کے لیے انہیں سارے میچ جیتنا ہوں گے۔ ایک مثالی منظر نامے میں پاکستان کے لیے اپنے بقیہ میچز جیتنا ضروری ہے، گرین شرٹس اور نیوزی لینڈ کا ہفتے کو شیڈول میچ اہمیت اختیار کرگیا ہے
اگر بلیک کیپس اپنے اگلے دونوں میچ ہار جاتی ہیں تو وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام کریں گے اور پاکستان اپنے اگلے 3 حریفوں کو شکست دینے پر 10 پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے۔