بھارتی تماشائیوں کی پاکستانی ٹیم سے بد سلوکی ، عرفان پٹھان بھی باز نہ آئے،معذرت کی بجائے پرانی یادیں دہرانے لگے
احمد آباد میں پاک، بھارت میچ کے دوران بھارتی تماشائیوں نے پاکستانی ٹیم کیساتھ جو بدسلوکی کی اس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھارتی شائقین کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے
سابق بھارتی اوپنر اور بی جے پی کے رہنما گوتم گمبھیر بھی ایسے واقعات کی مذمت کر چکے ہیں لیکن عرفان پٹھان معذرت کرنے کی بجائے بدسلوکی کرنیوالے بھارتی تماشائیوں کی حمایت میں پرانی یادیں دہرانے لگے ۔
“جیو نیوز ” کے مطابق عرفان پٹھان کو 17 برس بعد پاکستانی فینز کا رویہ یاد آگیا گزشتہ روز بنگلادیش اور بھارت کے میچ کی کمنٹری کے دوران عرفان پٹھا ن نے سوشل میڈیا پوسٹ کا سہارا لیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو تماشائیوں کے رویئے کو ایشو نہیں بنانا چاہیے پشاور میں مجھے بھی ایسے ہی برتاؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
عرفان پٹھان نے بتایا کہ ہم پشاور میں میچ کھیل رہے تھے تماشائی نے لوہے کی کیل پھینکی جو آنکھ کے نیچے لگی ہم نے اس کا ایشو نہیں بنایا تھا میزبانی کی تعریف کی ۔
عرفان پٹھان نے مزید کہا کہ پاکستان کو بھارت میں کراؤڈ کے رویئے کے ایشو نہیں بنانے چاہئیں میں اب بھی یہ کہتا ہوں کہ پاکستان میں ایسا ہوا تھا ، اچھے فینز بھی تھے جو کہتے تھے بالا جی ذرا دھیرے چلو ،ہم اس پر رونے کی بجائے آگے بڑھتے رہے اور کھیل پر فوکس کیا۔