ورلڈ کپ میں نسیم شاہ کی عدم موجودگی اور حسن علی کے شامل ہونے سے ٹیم پر کیا فرق پڑے گا ؟ حارث رؤف نے بتا دیا
قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث روف نے ورلڈ کپ کیلئے بھارت روانگی سے قبل اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں کون آتا ہے اس کا ہمیں علم نہیں لیکن ہم خود کو فائنل میں دیکھ رہے ہیں،ہم ایشیئن کنڈیشنز میں کھیلنے کے عادی ہیں، بیٹنگ پچز ہوں یا بولنگ کیلئے سازگار ہمیں خود کو ہر چیلنج کیلئے تیار رکھنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حارث رؤف نے کہا ہے کہ نسیم شاہ کے نہ ہونے سے فرق تو پڑے گا مگر دیگر بولرز بھی اچھے اور پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم حسن علی کے ساتھ پہلے بھی میچز کھیل چکے ہیں، انھوں نے پاکستان کو کئی فتوحات دلائی ہیں، امید ہے اچھا پرفارم کریں گے۔حارث رؤف نے کہا کہ نئی گیند یا پرانی سے بولنگ کا فیصلہ میرے ہاتھ میں نہیں ہے، مجھے جہاں موقع ملا 100 فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا، میرا کوئی انفرادی ہدف نہیں، پہلے ٹیم کا سوچنا ہے، میرے لیے ہر وکٹ اہم ہے، ویرات کوہلی کو آؤٹ کر پایا تو بہتر ہوگا، نہ بھی کر پایا تو پھر بھی ٹھیک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کنڈیشنز کے مطابق اپنا پلان سیٹ کریں گے، کھیل میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، ہمارے بولرز نے ہمیشہ پرفارم کیا،ایسا نہیں ہے کہ بولرز بڑے میچز میں اچھا کھیل نہیں دکھاتے۔