ایشیا کپ کے دوران بھارتی کرکٹرجسپریت بمراہ اچانک ٹیم کو چھوڑ کر بھارت روانہ، وجہ سامنے آگئی
Fyuggy
بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کے اچانک ٹیم کو چھوڑ کر اپنے وطن واپس لوٹنے کی وجہ سامنے
آگئی۔
جیو نیوز کے مطابق جسپریت بمراہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اعلان کیا کہ ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنے اور اہلیہ سنجنا کے ہاتھ کے ہمراہ نومولود کے ہاتھ کی تصویر شیئر کی۔بھارتی کرکٹر نے بتایا کہ پیر کی صبح بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام ‘انگد جسپریت بمراہ’ رکھا گیا ہے۔جسپریت بمراہ کو بیٹے کی پیدائش پر ان کے مداحوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔خیال رہے کہ بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ اور سنجنا گنیسن کی شادی مارچ 2021 میں ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں آج پیر کو نیپال اور بھارت کی ٹیمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی، جس میں بمراہ شامل نہیں ہوں گے۔جسپریت بمراہ سپر 4 مرحلے سے قبل ٹیم میں شامل ہوں گے، ہندوستانی ٹیم سری لنکا میں کچھ دن کے وقفے کے بعد اپنا سپر 4 مرحلے کا میچ کھیلے گی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بمراہ نے بی سی سی آئی کو مطلع کیا ہے کہ وہ جلد از جلد واپس سری لنکا آجائیں گے۔