پی ایس ایل کاچھٹا ایڈیشن، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کادبنگ اعلان

82

کرکٹ سے جڑی ہر خبر اور زبردست ویڈیوز کے لیے ہمارا پیج لایک کریں
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو مرتبہ کی چیمپین اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 20 فروری سے شروع ہونے والے چھٹے سیزن میں عمدہ کار کردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق اقراء یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ہماری ٹیم زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، دوسال سے

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی بہتر نہیں رہی لیکن اس سال کوشش ہوگی کہ اچھی کار کردگی دکھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیزن میں کافی چیلنجز کا سامنا رہا تھا، ہماری بیٹنگ کے شعبہ میں کارکردگی تو بہتر رہی تھی

تاہم باﺅلنگ میں غلطیاں ہوئیں تھیں لیکن اب اگلے سیزن کیلئے بہتر لائحہ عمل تیار کرلیا ہے اور کوشش ہوگی کہ سابقہ غلطیاں کو نہ دہراتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

شاداب خان نے کہا کہ میں دو برس سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کررہا ہوں، کپتان بننا خواب ہوتا ہے اور اللہ نے میرے خواب کو پورا کیا، حسن علی کی شمولیت سے ہمارا سکواڈ مضبوط ہوگیا، حارث رؤف سے بھی اچھی امیدیں ہیں، پی ایس ایل 6 کیلئے ڈرافٹ میں اپنے مطلوبہ کھلاڑیوں کا ملنا بھی ہمارے لئے سود مند رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ کرکٹ مقابلوں میں تماشائی موجود نہ ہوں تو کھیلنے کا مزہ نہیں آتا، میچز میں جب ہمارے مداح پذیرائی اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں تو بہت اچھا لگتا ہے،

اب پی ایس ایل میں 20 فیصد تماشائیوں کیلئے سٹیڈیمز کے دروازے کھلنا مسرت کن ہے لیکن میچز کے موقع پر کوویڈ 19 کی وجہ سے تماشائیوں کو سماجی فاصلے سمیت تمام ایس ایس پیز پرعمل کرنا ہوگا۔

قومی کپتان بابر اعظم کے حوالے سے سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ بلاشبہ بابر اعظم اس وقت دینا کے بہترین بیٹسمینوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور اس حوالے سے کوئی دو رائے نہیں تاہم بطور کپتان بابر اعظم ابھی سیکھنے کے عمل سے گزررہے ہیں،

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کامیابی ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اظہارکرتی ہے اور توقع ہے کہ وقت گزرنے کیساتھ ساتھ بابراعظم کی کپتانی کی اہلیت میں بتدریج بہتری آتی چلی جائے گی۔