ٹی ٹونٹی رینکنگ، شاہین افریدی، محمد حفیظ اور محمد رضوان کی لمبی چھلانگ

174

کرکٹ سے جڑی ہرخبر اور زبردست ویڈیوز کے لیے ہمارا پیج لایک کریں
آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں فاسٹ بائولر شاہین آفریدی نے کیریئر کی بہترین 16ویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے بھی لمبی چھلانگیں لگائی ہیں۔


نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹم سائیفرٹ اور فاسٹ بائولر ٹم ساؤتھی نے پاکستان کیخلاف سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کیریئر کی بہترین پوزیشنز بھی حاصل کیں۔

ٹم سائیفرٹ نے ہوم سیزن میں 176 رنز سکور کرنے کے ساتھ ساتھ 24 درجے ترقی کے ساتھ 9 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ سیریز میں ساؤتھی کی 6 وکٹیں انہیں 13 ویں سے 7ویں پوزیشن پر لے آئیں۔

ہیملٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں 63 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 84 رنز بنا کرسیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پانیوالے ٹیم سائیفرٹ کی رواں سال اگست میں 32 ویں پوزیشن تھی۔ دوسرے میچ میں 21 رنز کے عوض 4 وکٹوں سمیت

سیریز میں 6 وکٹیں لینے والے ٹم سائوتھی نے اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں حاصل کردہ اپنی 10 ویں پوزیشن کی کارکردگی مزید بہتربنائی، ساؤتھی اپنے کیریئر کے دوران تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 10 میں پہنچ چکے ہیں،

وہ اس وقت ٹیسٹ میں چوتھے اور ون ڈے میچوں میں 9ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ڈیون کونے (72 ویں سے 62 ویں پوزیشن ) اور گلین فلپس (87ویں سے 72 ویں پوزیشن) ترقی پانے والے دیگر کیوی بلے باز ہیں۔

فاسٹ بائولر سکاٹ کوگلیجین سیریز میں 5 وکٹیں لیکر 134 ویں پوزیشن سے ترقی کے بعد 92 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے لئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میں ناٹ آئوٹ 99رنز سمیت مجموعی طور پر 140 رنز بنانے والے محمد حفیظ 14 درجے ترقی پا کر 33 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

تیسرے ٹی ٹونٹی میں 89رنز کی شاندار باری سمیت مجموعی طور پر 158 رنز بنانے والے محمد رضوان نے 152 درجے ترقی کے ساتھ 158 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

آل رائونڈر فہیم اشرف 22 درجے ترقی کے ساتھ 13 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، شاہین آفریدی 27 ویں پوزیشن سے کیریئر کی بہترین 16 ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں جب کہ حارث رؤف سیریز میں 5 وکٹیں لیکر 67 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

ٹیم رینکنگ میں پاکستان کو 3 پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ نیوزی لینڈ نے تین پوائنٹس حاصل کیے لیکن دونوں ٹیمیں اپنی بالترتیب چوتھی اور چھٹی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔